پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلی محلوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں: وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین

8

لاہور، 28 جون (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین اور سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے گلشن ریاض کالونی میں جاری ڈسپوزل اسٹیشن پراجیکٹ کا دورہ کیا۔ دورے کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے جاری تعمیراتی کاموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق، ایم ڈی واسا غفران احمد اور دیگر متعلقہ افسران بھی موقع پر موجود تھے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ڈسپوزل اسٹیشن کا 65 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ بقیہ کام آئندہ ماہ مکمل کر لیا جائے گا۔ سیکرٹری ہاؤسنگ نورالامین مینگل نے حفاظتی اقدامات میں کوتاہی پر پراجیکٹ افسران کی سرزنش کی اور ہدایت کی کہ ورکنگ سائٹ پر تمام عملے کی حفاظت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی کاموں کے معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ ڈسپوزل اسٹیشن مکمل ہونے سے علاقے کی 36 ہزار سے زائد آبادی براہ راست مستفید ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عوامی مسائل کے فوری حل کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔ بلال یاسین نے مزید کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ گلی محلوں کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے اربوں روپے خرچ کیے جا رہے ہیں، اور واسا کا دائرہ کار اب پورے پنجاب تک بڑھایا جا رہا ہے تاکہ شہری سہولیات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے۔