ملتان02جولائی (اے پی پی) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن ملتان کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہائی کورٹ بار کے صدر اظہر خان مغل اور سیکرٹری صفدر سرسانہ نے ان کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے ہائی کورٹ بار میں نصب کیے گئے واٹر فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کیا۔ انکا کہنا تھا کہ اس فلٹریشن پلانٹ سے نہ صرف وکلا بلکہ علاقے کے مکین بھی مستفید ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نجی شعبے کو شہر کی خوبصورتی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔
کمشنر عامر کریم خاں نے اس موقع پر اس امر کو سراہا کہ ہائی کورٹ بار نے اپنی مدد آپ کے تحت فلٹریشن پلانٹ نصب کیا، جو ایک مثبت مثال ہے۔ ہائی کورٹ بار کے صدر اظہر خان مغل نے فلٹریشن پلانٹ اور بیوٹیفکیشن اقدامات کے لیے کمشنر ملتان کی بھرپور سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بار کی خوبصورتی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں، جبکہ بار روم اور عدالتوں کے باہر پھولوں، پودوں اور درختوں کی فراہمی پر بھی کمشنر کے شکر گزار ہیں۔
کمشنر عامر کریم خاں کا کہنا تھا کہ وکلا کی سہولت کے ساتھ ساتھ عوام کو صاف پانی کی فراہمی بھی اہم ہے، اس لیے ایسے منصوبے قابل تحسین ہیں۔ ہائی کورٹ بار نے شہر کی خوبصورتی کے لیے کیے گئے اقدامات میں کمشنر کے تعاون کو سراہا۔