وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان سے برطانوی ہائی کمیشن کے نمائندے بین وارنگٹن کی ملاقات

16

لاہور، 2 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ بلال اکبر خان سے برطانوی ہائی کمیشن لاہور آفس کے سربراہ بین وارنگٹن نے ملاقات کی، جس میں ماحولیاتی بہتری اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹمز کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی گئی۔ ملاقات کے دوران وزیر ٹرانسپورٹ نے بین وارنگٹن کو حکومت پنجاب کے ماس ٹرانزٹ کے جدید منصوبوں سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے میں ایکو فرینڈلی ٹرانسپورٹ کے فروغ کیلئے متعدد اقدامات جاری ہیں، اور حکومت کا ہدف ہے کہ 2030 تک کم از کم 30 فیصد ٹرانسپورٹ سسٹم الیکٹرک گاڑیوں پر منتقل کر دیا جائے۔

بلال اکبر خان نے بتایا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں سینکڑوں الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے ضروری اقدامات مکمل کیے جا چکے ہیں، اور کوشش کی جا رہی ہے کہ تمام ماس ٹرانزٹ منصوبے جدید ٹیکنالوجی اور گرین انرجی پر مبنی ہوں۔ انہوں نے زور دیا کہ ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لیے ای وہیکلز کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ ای چارجنگ اسٹیشنز کے نیٹ ورک میں اضافے سے ہی الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو فروغ ملے گا۔

 اس موقع پر بین وارنگٹن نے برطانوی سرمایہ کاروں کی ای وی اور چارجنگ نیٹ ورک میں دلچسپی کا اظہار کیا اور سموگ کے تدارک و ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے حوالے سے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔ ملاقات کے اختتام پر بلال اکبر خان نے ای وہیکل منصوبوں میں ممکنہ برطانوی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا اور تعاون بڑھانے کی امید ظاہر کی۔