لاہور، 2 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے محکمہ داخلہ پنجاب کے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، سپیشل سیکرٹری فضل الرحمن اور ایڈیشنل سیکرٹری احسان علی جمالی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
صوبائی وزیر نے کنٹرول روم میں محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ حکام نے انہیں محرم الحرام اور پاکپتن کے سالانہ عرس کے لیے کیے گئے حفاظتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران صوبہ بھر میں سخت اور فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو روزانہ کی بنیاد پر مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام کو پرامن بنانے کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی کوآرڈی نیشن کو یقینی بنایا گیا ہے۔ حساس مجالس و جلوسوں کی نگرانی جدید سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کنٹرول روم کے عملے کی کارکردگی کو سراہا اور سیکیورٹی انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی جاری کی۔