محکمہ پرائس کنٹرول کا قیمتوں کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور صارفین کو آن لائن سہولیات کی فراہمی کا فیصلہ

2

لاہور، 2 جولائی (اے پی پی): محکمہ پرائس کنٹرول نے قیمتوں کی پیش گوئی اور مؤثر نگرانی کے لیے جدید ڈیجیٹل پلیٹ فارم متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مختلف محکموں کے ڈیٹا سسٹمز کو آپس میں منسلک کر کے ایک مربوط مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم تشکیل دیا جائے گا۔ یہ فیصلے سیکرٹری پرائس کنٹرول ڈاکٹر احسان بھٹہ کی زیر صدارت ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سکروٹنی کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے۔ اجلاس میں طلب و رسد، قیمتوں اور ویلیو چین کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس میں پنجاب فوڈ اتھارٹی راولپنڈی میں جدید فوڈ لیبارٹری کے قیام اور ایگری کلچر مارکیٹنگ سروس کو مؤثر بنانے کی اسکیم کی بھی منظوری دی گئی۔ کسانوں کے لیے مارکیٹنگ فیسلیٹیشن سینٹرز کے قیام کو مارکیٹ تک بہتر رسائی کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول نے اعلان کیا کہ صارفین کے حقوق کے تحفظ کے لیے تحصیل سطح پر ڈیجیٹل کونسلز قائم کی جائیں گی۔ ان کونسلز کے ذریعے شکایات، کارروائی اور ریلیف کی فراہمی کا نظام مکمل طور پر ڈیجیٹل بنایا جائے گا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ کے مطابق، صارفین کو ان کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے آن لائن سسٹمز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ کنزیومر پروٹیکشن کونسل کے تحت شہری ایپلیکیشن اور آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی شکایات درج کر سکیں گے اور ان پر ہونے والی پیش رفت سے باخبر رہیں گے۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی، ڈی جی فوڈ/کین کمشنر، اے ڈی جی کماڈیٹیز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔