ملتان، 03 جولائی (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ نے محرم الحرام کے سلسلے میں نکالے جانے والے مرکزی ماتمی جلوس کا دورہ کیا،جلوس اعظم مارکیٹ سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستے پر پُرامن انداز میں رواں دواں، اسسٹنٹ کمشنر نے تمام انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر سیکیورٹی، صفائی، روشنی، میڈیکل سہولیات، اور جلوس کے روٹس کی کلیئرنس کا بغور معائنہ کیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر نے موقع پر موجود انتظامی افسران،پولیس اہلکاروں، میونسپل کمیٹی، اور صحت کے عملے کو ہدایات جاری کیں کہ تمام تر انتظامات کو ہمہ وقت فعال اور مؤثر رکھا جائے تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی/تحصیل انتظامیہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور پرامن ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر نے عزاداران سے ملاقات بھی کی اور ان کے مسائل سنے۔
آخر میں انہوں نے جلوس کے منتظمین کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ ضلعی/تحصیل انتظامیہ اور شہری مل کر محرم الحرام کے تقدس اور امن و امان کو برقرار رکھیں۔











