اسلام آباد، 03 جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری سے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولاناعبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام کی ملاقات میں محرم الحرام خصوصاً عاشورہ کے موقع پر امن وامان اور مذہبی ہم آہنگی یقینی بنانے کے لیے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ محرم الحرام میں علمائے کرام کا امن و امان برقرار رکھنے کیلئے کلیدی کردار ہے۔محرم کے دوران امن و امان کے قیام میں علماء کرام کا کردار سکیورٹی اداروں کے برابر اہم ہے۔علمائے کرام محرم الحرام میں انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہتے ہیں،معمولی تنازع بھی علمائے کرام ہی حل کراتے ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں اس بات کا گواہ ہوں کہ علمائے کرام نے کئی مسائل کو خوش اسلوبی سے حل کیا،میں بھی اس بات سے متفق ہوں کہ اپنا مسلک چھوڑ نا اور دوسرے کہ مسلک کو چھیڑو نا،ہمیں اس سنہرے اصول کو پورے پاکستان میں پھیلانا چاہیئے کیونکہ ہم سب مسلمان ہیں،میرا یقین ہے کہ امام حسین علیہ السلام سب کے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ جتنا میرا امام حسین علیہ السلام سے تعلق ہے۔ اتنا باقی سب کا بھی ہے،پاک بھارت جنگ میں اللہ تعالیٰ کی جانب سے پاکستان کی غیبی مدد کے کئی مظاہر دیکھنے کو ملے،تمام مکاتب فکر کے سربراہوں اور علماء کرام کو دعوت دی جائے گی کہ ہم 14 اگست کو فیصل مسجد میں نمازِ ظہر باجماعت اکٹھے ادا کریں،میں اور وزیر مملکت تمام علماء کرام کو خود دعوت نامے پہنچائیں گے،اس اجتماع کے ذریعے پوری دنیا کو یہ پیغام جائے گا کہ ہم سب متحد اور اکٹھے ہیں اور اس کیلئے 14 اگست سے بہتر دن نہیں ہو سکتا،اس سال جنگ میں کامیابی کے بعد اللہ تعالیٰ نے جو ہمیں عزت دی اس کی وجہ سے ایک مثالی یوم آزادی منائی جائے گی،اس اجتماع میں حکومت کی جانب سے بھی بھر پور نمائندگی ہو گی۔
وزیر داخلہ نے مذہبی آہنگی کے لئے مولاناعبدالخبیر آزاد کی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ مولاناعبدالخبیر آزاد ہر موقع پر تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام کو ساتھ لے کر چلتے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش ہے کہ ہم اگلا اجلاس خیبر پختونخوا میں رکھیں اور وہاں کے تمام علمائے کرام کو ساتھ بٹھائیں،انشااللہ ہم سب ملکر اس ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے اور اس ملک کو امن کا گہوارہ بنائیں گے۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ علما کرام نے ہر موقع پر مثالی کردار ادا کیا ہے،ہم آپ کے شکر گزار ہیں کہ آپ نے اپنا فرض بہترین انداز میں نبھایا ہے،محرم الحرام اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں آپ کی ذمہ داری اور بھی بڑھ جاتی ہے،ہمیں کسی نفرت یا سازشی ایجنڈے کا شکار نہیں بننا اور اتحاد کو برقرار رکھنا ہے۔
مولاناعبدالخبیر آزاد نے ملک بھر میں امن و امان کے قیام میں وزیر داخلہ کی خصوصی کاوشوں کو سراہاتے ہوئے کہا کہ علما کرام نے ملک میں مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کو پروان چڑھانے میں مثالی کردار ادا کیا ہے۔
اجلاس میں قاضی عبدالغفار قادری، علامہ شبیر حسین، حافظ نظام الدین، مولانا اشرف علی، مولانا ضیاء الرحمن، مفتی محمد اقبال رضوی، مولانا محمدطیب قریشی، مفتی سید عاشق حسین شاہ، مفتی فتح محمد راشدی، پیر سعادت علی شاہ، علامہ سید زاہد حسین کاظمی، مولانا مقصود احمد توحیدی، مولانا عبدالظاہر فاروقی، قاضی جنید الرشید، مفتی گلزار احمد نعیمی، مولانا تنویر احمد علوی، مولانا ہارون الرشید، مولانا عبدالعزیز، مولانا سردار محمد لغاری، علامہ سعید احمد اعوان، مولانا ملک امجد اعوان، مولانا عابد اسرار، قاری بلال گولڑوی، پیر عمر فاروق شاہ، علامہ مصطفی حیدر نقوی، صاحبزادہ حسن شعیب، صاحبزادہ ارشاد احمد،مفتی اقبال نعیمی، پیر ممتاز احمد ضیا، مولانا ابو بکر صدیق، مفتی عبدالباسط، مولانا عبدالسلام جلالی، مولانا اکرام الٰہی ظہیر اور پروفیسر ظفراللہ جان نے شرکت کی۔سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، چیف کمشنر اسلام آباد اور آئی جی اسلام آباد پولیس بھی اس موقع پر موجود تھے۔