ملتان، 3 جولائی )اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال ملتان کی ایمرجنسی کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ایمرجنسی میں موجود فارمیسی کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں کے انتظامی امور و ریکارڈ کا جائزہ لیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے فارمیسی رجسٹر کا ریکارڈ نامکمل ہونے پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور واضح کیا کہ بروقت ادویات کا اندراج نہ ہونے کی وجہ سے ادویات کی کھپت کے بارے میں شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ڈسپلے پر موجود تمام ادویات کا مکمل سٹاک فارمیسی میں ہر وقت موجود ہونا چاہیے تاکہ مریضوں کو کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
کمشنر عامر کریم خاں نے نشتر ہسپتال کے ایم ایس سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب شہریوں کو معیاری طبی سہولیات تک سہل رسائی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریضوں کو ادویات کی بروقت فراہمی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے ایمرجنسی وارڈ میں داخل مریضوں اور ان کے لواحقین سے ملاقات کی اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کی شکایات اور تجاویز کو بغور سنا اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات جاری کیں۔