کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے  علماء کرام کے  وفد کی ملاقات

3

ملتان، 3 جولائی )اے پی پی):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں سے  علماء کرام کے ایک وفد نے ملاقات کی۔ اس وفد کی قیادت ممبر ڈویژنل امن کمیٹی انجینئر سخاوت علی نے کی، جبکہ دیگر علماء میں علامہ قاضی ناد حسین علوی، علامہ سلطان احمد نقوی، علامہ مجاہد عباس جعفری، مولانا انجینئر کاشف حسین حیدری، مولانا علی رضا حسینی اور عون رضا انجم شامل تھے۔ ملاقات میں محرم الحرام کے انتظامات، بین المذاہب ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر عامر کریم خاں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں ڈویژن بھر میں محرم الحرام کے مثالی انتظامات سے وفد کو آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شدید گرمی کے پیش نظر عزاداران کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کلینک آن وہیلز، ٹھنڈے پانی کی سبیلیں اور جلوسوں کے آگے پانی کا چھڑکاؤ یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ بین المذاہب اور بین المسالک ہم آہنگی، رواداری اور بھائی چارے کے فروغ میں علماء کرام کا کردار نہایت اہم ہے۔ پاکستان میں ہر شخص کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے اور مثبت سماجی رویوں کے فروغ کے لیے علماء ہمیشہ سے اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھاتے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت کے خلاف علماء کرام کا کردار قابل ستائش رہا ہے اور ہم ان کی فکری و نظریاتی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ کمشنر عامر کریم خاں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علماء کرام سے مشاورت کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے محرم الحرام کے سلسلے میں کئے گئے انتظامات پر اپنی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ وفد نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران بہترین انتظامات پر ان کو خراج تحسین پیش کیا۔ وفد نے امن و امان کے قیام کے لیے کمشنر عامر کریم خاں کے اقدامات کو سراہتے ہوئے جلوسوں کے روٹس کی بروقت بحالی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔