وفاقی وزیرِ صحت  سید مصطفیٰ کمال سے پولیو اوور سائٹ بورڈ کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

2

اسلام آباد۔3جولائی  (اے پی پی):وفاقی وزیرِ صحت سید مصطفیٰ کمال سے پولیو اوور سائٹ بورڈ (پی او بی) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کوملاقات کی۔ وفد کی قیادت جی پی ای آئی کے پولیو اوور سائٹ بورڈ (پی او بی) کے چیئرمین اور گیٹس فاؤنڈیشن میں گلوبل ڈویلپمنٹ کے صدر ڈاکٹر کرس ایلس نے کی۔ اس موقع پر وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو عائشہ رضا فاروق بھی موجود تھیں۔

وزیرِ صحت نے وفد کو پاکستان میں پولیو کے خاتمے کے لئے جاری حکومتی اقدامات، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہے اور وفاقی و صوبائی حکومتیں یکسو ہو کر اس مقصد کے لئے کام کر رہی ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان کو جلد پولیو سے پاک کیا جائے گا اور اس کے لئے ہم تمام ریاستی وسائل بروئے کار لائیں گے، پولیو کے خاتمے کی جدوجہد میں ہمارے ہیلتھ ورکرز نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے جو ہمارے پختہ عزم کا ثبوت ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پولیو وائرس اس وقت صرف پاکستان اور افغانستان میں موجود ہے اور ان دونوں ممالک کو پولیو وائرس کے حوالے سے مشترکہ زون تصور کیا جاتا ہے، ہم سرحد پار وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے بیک وقت مہمات کا انعقاد کر رہے ہیں اور نقل مکانی کرنے والی آبادیوں پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، ہماری خواہش ہے کہ پاکستان اور افغانستان ایک ہی وقت میں پولیو سے پاک ہو جائیں۔

ترجمان وزارتِ صحت کے مطابق اعلیٰ سطحی وفد افغانستان کے دورے کے بعد پاکستان پہنچا ہے اور وہ وزیرِاعظم سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کرے گا۔وفد نے پاکستان کے انسدادِ پولیو اقدامات کو سراہا اور پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وفد میں ڈبلیو ایچ او کی مشرقی بحیرہ روم کی ریجنل ڈائریکٹر ڈاکٹر حنان بلخی، یونیسیف کے جنوبی ایشیا کے ریجنل ڈائریکٹر سنجے وجیسیکرا، روٹری انٹرنیشنل پولیو پلس کمیٹی کے چیئر مائیک میک گورن اور کے ایس ریلیف کے نمائندے ڈاکٹر زیاد میمش سمیت دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔