جنوبی پنجاب میں تمام جلوس پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہو گئے ہیں ،ایڈیشنل آئی جی پولیس

2

ملتان ،07 جولائی(اے پی پی ):جنوبی پنجاب میں 10 محرم الحرام  کے جلوسوں کی سیکیورٹی کی بھرپور انداز سے مانیٹرنگ کی گئی۔ تمام اضلاع میں ضلعی انتظامیہ چوکس اور  پولیس الرٹ رہی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر ہر شہر می مثالی انتظامات کئےگئے۔ جنوبی پنجاب میں کہیں بھی کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری فواد ہاشم ربانی اور ایڈیشنل آئی جی پولیس محمدکامران خان سیکیورٹی انتظامات کی انسپکشن کے لئے حساس قرار دئے گئے اضلاع کا دورہ کرتے رہے۔ یوم عاشورہ کو انہوں نے  سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے خانیوال کا دورہ کیا۔ڈپٹی کمشنر خانیوال سلمیٰ سلیمان اور ڈی پی او اسمعیل کھاڑک بھی ہمراہ تھے۔سیکیورٹی اداروں ،ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی جانب سے  سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے انہیں اہم بریفنگ دی گئی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ایڈیشنل آئی جی پولیس نے ضلعی امن کمیٹی کے ممبران سے ملاقات کی اور ڈی سی آفس میں قائم کنٹرول کو بھی چیک کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہداۓ کربلا کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر کئے گئے محرم انتظامات کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔جنوبی پنجاب کےہر شہر میں فرسٹ ایڈ، صفائی، سٹریٹ لائٹس اور پینے کے پانی کے مثالی انتظامات کئے گئے  اور جنوبی پنجاب کے دورے کے دوران ہر فرد نے بہترین انتظامات کی تعریف کی ہے، ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے امن وامان برقرار رکھنے میں کردار ادا کرنے پر امن کمیٹیوں کے ممبران،رینجرز اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس  ساوتھ پنجاب محمد کامران خان نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں تمام جلوس پر امن طریقے سے اختتام پذیر ہو گئے  ہیں اور جنوبی پنجاب سے کسی ناخوش گوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب پولیس کی تمام فورس نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ امن و امان برقراربرکھنے کے لئے پنجاب پولیس کو پاک فوج اور رینجرز کی مکمل سپورٹ حاصل رہی۔ ایڈیشنل آئی جی پولیس  نے سیکیورٹی اداروں سے تعاون کرنے پر عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ 10 محرم الحرام کو ضلع خانیوال میں 82 جلوس اور 58 مجالس کی سیکیورٹی کے انتظامات کئے گئے۔ہیں۔