زون کا دورہ،حوالہ ہنڈی مافیا کےخلاف  موثر کریک ڈاؤن کا حکم

15

اسلام آباد،07  جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے  کراچی زون کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اہم اجلاس کی صدارت کی جس دوران حوالہ ہنڈی مافیا کےخلاف  موثر کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا حوالہ ہنڈی میں ملوث بڑے بڑے لوگوں پر ہاتھ ڈالا جائے۔کسی کا دباؤ قبول کئے بغیر مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھکاریوں کو بیرون ملک بھجوانے والے ایجنٹ مافیا کی  سرکوبی کا  بھی حکم دیا اور کہا کہ بھکاری مافیا پاکستان کے امیج کو خراب کر رہا ہے۔ ایجنٹس کے خلاف بلاامتیاز ایکشن نظر آنا چاہیے۔مفرور ایجنٹس کو دیگر صوبوں کے تعاون سے گرفتار کیا جائے ۔انہوں نے ہدایات جاری کیں کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہوکر آنے والے بھکاریوں کی گرفتاری یقینی بنائی جائے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا جعلی ادویات کا کاروبار کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔جعلی ادویات کے مکروہ دھندے ملوث لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔انہوں نے کہا کہ جعلی ادویات کے کاروبار میں ملوث لوگوں کی اصل جگہ جیل ہے۔

وزیرداخلہ محسن نقوی نے نان کسٹم مصنوعات کے خلاف بھرپور کارروائی کا حکم دیا۔انہوں نے  5 ہزار سے زائد ڈالر بیرون ملک لے کر جانے والے مسافروں کے خلاف سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایسے مسافروں کے خلاف قانون کے مطابق بھرپور کارروائی کی جائے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نعمان صدیق نے وزیر داخلہ محسن نقوی کو بریفنگ دی۔وزیرداخلہ محسن نقوی کو ایف آئی اے کراچی زون کی کارکردگی اور مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ساوتھ مجاہد اکبر خان، ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون نعمان صدیق، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، تمام اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور ایف آئی اے ساوتھ کے حکام نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔