لاہور، 09 جولائی (اے پی پی): انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور کی زیر صدارت اہم فالو اپ اجلاس منعقد ہوا،جس میں قومی و بین الاقوامی سطح پر منعقد ہونے والے اسپیشل ویپن اینڈ ٹیکٹکس (SWAT) اور سنائپرز مقابلوں میں پنجاب پولیس کی نمائندگی سے متعلق امور کو حتمی شکل دی گئی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان کے مطابق، ایلیٹ فورس کے تربیت یافتہ کمانڈوز دبئی اور ترکیہ میں ہونے والے بین الاقوامی اسپیشل فورسز اسکلز اینڈ شوٹنگ ایونٹس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ اجلاس کے دوران ٹیم سلیکشن، ویپن ہینڈلنگ، ٹریننگ اور لاجسٹکس سپورٹ جیسے کلیدی نکات پر فیصلے کیے گئے۔ کمانڈنٹ ایلیٹ ٹریننگ اسکول نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے بیس لائن، جسمانی معائنے اور ٹیکٹیکل موومنٹ کا تفصیلی جائزہ لیا جا چکا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ دبئی اور ترکیہ کی پولیس اتھارٹیز سے مکمل کوآرڈینیشن کی جا چکی ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے ہدایت دی کہ مقابلوں میں شریک ہونے والے کھلاڑیوں کو جدید ترین سنائپر رائفلز، ایمونیشن، نائٹ ویژن آلات، ونڈ میٹرز، کیموفلاج سوٹس سمیت مکمل تربیت و سازوسامان فراہم کیا جائے تاکہ بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی اسپیشل فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت دنیا کی کسی بھی جدید سول آرمڈ فورسز کے ہم پلہ ہے۔ جدید تربیت یافتہ جوانوں کی کارکردگی کرائم فائٹنگ، اسپیشل آپریشنز اور سنائپر اسکلز میں قابل فخر ہے۔ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ پولیس فورس ڈاکٹر محمد وقار عباسی، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ پنجاب طارق رستم چوہان، ڈی آئی جی ایلیٹ پولیس فورس فیصل علی راجا، کمانڈنٹ ایلیٹ پولیس اسکول خالد سلیمان، ایس ایس پی رانا عمر فاروق، ایس پی مانیٹرنگ آغا رمضان علی، ایس پی ہیڈ کوارٹرز اسد رحمان سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ آئی جی پنجاب نے اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب پولیس آئندہ بھی بین الاقوامی مقابلوں میں ملک و قوم کا نام روشن کرے گی۔