وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کاعالمی یوم آبادی کے موقع پر سیمینار سے خطاب

1

اسلام آباد، 10 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے عالمی یوم آبادی کے موقع پر ایک اہم سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے آبادی کے موضوع پر قومی یکجہتی اور مربوط کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ سیمینار میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندوں کی شرکت اس بات کی غمازی کرتی ہے کہ یہ ایک قومی سطح کا مسئلہ ہے جس پر اجتماعی توجہ کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی میں 1950ء سے اب تک سات گنا اضافہ ہو چکا ہے، اور آبادی میں مسلسل اضافے کے ساتھ ملکی وسائل پر بھی دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور وقت کے ساتھ ساتھ شہری آبادکاری میں تیزی آئی ہے، جس سے زمین کے استعمال میں تبدیلی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کئی ترقی یافتہ ممالک نے مؤثر حکمت عملیوں سے آبادی کی رفتار کو قابو میں رکھا، اور یہ عالمی سطح پر اہم تجربات کے طور پر سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس موضوع پر سیاسی جماعتوں، پارلیمنٹیرینز اور میڈیا کا فعال کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ سوشل میڈیا سمیت تمام پلیٹ فارمز پر اس قومی موضوع پر بات ہونی چاہیے تاکہ عوام میں شعور بیدار ہو۔

ڈاکٹرطارق فضل چوہدری نے بتایا کہ ملک کی نصف سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو قومی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو اس سلسلے میں آگے بڑھنے کی دعوت دی تاکہ ملک کی مستقبل کی سمت کو بہتر بنایا جا سکے۔

آخر میں انہوں نے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کو سیمینار کے انعقاد پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی اور بامقصد اجلاس وقت کی اہم ضرورت ہیں اور ان سے عوامی سطح پر شعور کی راہ ہموار ہوتی ہے۔