اسلام آباد، 11جولائی: (اے پی پی ): وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پروزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے وہیکل امیشن ٹیسٹنگ مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔
اسلام آباد ٹرانسپورٹ اتھارٹی کی ٹیم نے جدید آلات سے وزیر داخلہ کی گاڑی کی انسپکشن کی۔
وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں وزیراعظم کی اور وزارت داخلہ کی ہدایت پراصلاحات جاری ہیں،اسلام آباد میں بین الاقوامی معیار کے انفراسٹرکچر کے ساتھ ماحول پر بھی کام کیا جا رہا ہے،کچھ سالوں سے اسلام آباد کا ائیر کوالٹی انڈیکس بڑھ رہا تھا۔ائیر کوالٹی انڈیکس 200 تک پہنچنا شروع ہو گیا تھا، جس کی وجہ سے اسلام آباد وہیکل انسپکشن کا آغاز کیا گیا ہے،ٹیکسٹنگ کے لیے ہم نے بین الاقوامی معیار کے آلات منگوائے ہیں،حکومت پنجاب نے اپنی ٹرینڈ ٹیم بھیجی ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی سی اسلام آباد عرفان میمن نے اپنے گھر سے ٹیسٹنگ کا آغاز کیا، سب سے پہلے ہم سرکاری گاڑیوں کی ٹیسٹنگ کا آغاز کریں گے، اولڈ پریڈ گراؤنڈ کے پاس ٹیسٹنگ کا سسٹم بنایا جائے گا،پاس ہونے والی گاڑیوں پر بار کوڈ آویزاں کیا جائے گا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد میں زگ زیگ ٹیکنالوجی کی علاوہ کوئی بھٹہ کام نہیں کر رہا ہے،جو بھٹے آلودگی کا باعث تھے وہ بند کر دیے گئے،ماحول کو سب سے زیادہ نقصان گاڑیوں کے دھوئیں سے تھا،اسلام آباد میں اب دھواں چھوڑنے والی کوئی گاڑی داخل نہیں ہوگی،دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو جرمانہ کیا جائے گا،وزیر اعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کر تے ہیں انھوں نے اپنی ٹیم بھیجی ہے۔











