اسلام آباد، 12 جولائی (اے پی پی): انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان کے اسلام آباد برانچ کونسل (IBC) اور راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن (RITBA) کے باہمی اشتراک سے سیمینارکا انعقاد کیا گیا جس میں 450 سے زائد پیشہ ور افراد بشمول ٹیکس ماہرین، اکاؤنٹنٹس اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وزیر مملکت برائے خزانہ اور وزیراعظم ڈیلیوری یونٹ کے سربراہ، بلال اظہر کیانی نے فنانس ایکٹ 2025 کے سیمینار سے مہمان خصوصی کی حیثیت میں شرکت کی۔
سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے معیشت کی مستحکم اور ترقی کی جانب حکومت کی نمایاں کوششوں اور کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے میکرو اور مائیکرو دونوں سطحوں پر معیشت کی مثبت پیش رفت پر بات کرتے ہوئے حکومت کی اہم کامیابیوں کو نمایاں کیا، جن میں مہنگائی کی شرح میں کامیاب کمی، سینٹرل بینک کی پالیسی ریٹ میں تخفیف، اسٹاک ایکسچینج کی بہترین کارکردگی، قومی قرضوں کا مؤثر انتظام، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (IMF) کے ساتھ کامیاب مذاکرات، مجموعی ٹیکس آمدنی میں اضافہ، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہ، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے لیے مختص رقوم میں نمایاں اضافہ، اور موجودہ بجٹ میں تنخواہ دار افراد کے لیے مخصوص ریلیف اقدامات شامل ہیں۔
وزیر مملکت نے جامع پالیسی سازی کے حکومتی عزم پر زور دیتے ہوئے کہا کہ “ہم کاروباری برادری کے ساتھ باقاعدہ ملاقاتیں یقینی بنائیں گے تاکہ حکومت کے اقدامات میں انہیں شامل کیا جا سکے۔
انہوں نے قومی معیشت میں نجی شعبے کے اہم کردار کو تسلیم کرتے ہوئے سیمینار کے انعقاد پر آئی سی ایم اے پاکستان اور آر آئی ٹی بی اے کا شکریہ ادا کیا اور ٹیکس کنسلٹنٹس اور اکاؤنٹنٹس پر زور دیا کہ وہ قومی معیشت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے حکومتی اقدامات میں فعال کردار ادا کریں۔











