سیالکوٹ: 12 جولائی ( اے پی پی ): ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ صبا اصغر علی نے کہا ہے کہ اس سال مون سون کے دوران 25 فیصد زیادہ بارش متوقع ہے، 13 سے 17 جولائی تک شدید بارشوں کی پیشگوئی ہے اور یہ سلسلہ اگست میں بھی جاری رہے گا۔ہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کی۔ اس موقع پر میڈیا کو انتظامیہ کی جانب سے سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ معمول سے زیادہ بارشوں کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے انتظامیہ پوری طرح تیار ہے، نشیبی علاقوں کی باقاعدہ نشاندہی کی گئی ہے اور تمام ڈی واٹرنگ مشنری پوری طرح تیار اور چالو ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے باقاعدہ کنٹرول روم قائم کیا ہے اور شہری کسی بھی رہنمائی کیلئے 1718 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے بارش کے بعد نشیبی علاقوں سے پانی کے انخلاء کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی ہے اور اس ضمن میں اقدامات کئے گے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ ریلیف کیمپ قائم کرے گی جہاں پر ڈی واٹرنگ مشنری کے علاوہ ادویات اور صفائی کا عملہ بھی موجود ہو گا۔ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے کہا کہ انتظامیہ نے ہر نالے کیلئے بارش کی شدت اور پانی کے بہاؤ کی بنیاد الرٹ لیول کا تعین کیا ہے جس کے تحت انتظامیہ اقدامات کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں بیراج، دریاؤں، نہروں اور نالوں میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی لگائی گئی ہے اور شہریوں سے گذارش ہے کہ اس پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ بریفنگ میں بتایا کہ سیالکوٹ کے تمام نالے جموں وکشمیر سے نکلتے ہیں اور اس مون سون کے دوران کلاوڈ برسٹ بھی متوقع ہے۔ تمام ڈی واٹرنگ سامان کیلئے جنریٹرز بھی مکمل طور پر ورکنگ حالت میں ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ خطرناک عمارتوں کے خلاف عدم برداشت کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔
اے پی پی /











