صدر استحکام پاکستان پارٹی ،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی بلوچستان میں شہداء کے لواحقین سے تعزیت، دہشتگردی کی شدید مذمت

21

بلوچستان 13جولائ (اے پی پی ):وفاقی وزیر برائے مواصلات و صدر پاکستان استحکام پارٹی عبدالعلیم خان نے بلوچستان میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے خاینوال کے چک 72/15 ایل کے غلام سعید کے گھر جا کر لواحقین سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور اظہارِ تعزیت کیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ غلام سعید جو اپنی نوکری سرانجام دے رہا تھا ان کی لاش جب گھر پہنچی تو ان کے والد صدمے سے انتقال کر گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ غلام سعید کی چھوٹی بیٹی محض چھ سال کی ہے، یہ سانحہ دل دہلا دینے والا ہے
انہوں نے کہا کہ قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔ دشمن ہماری صفوں میں نفرت، تقسیم اور عدم استحکام پیدا کرنا چاہتا ہے، مگر ہم سب نے مل کر اس ناسور کو جڑ سے ختم کرنا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ یہ جنگ کسی ایک قوم، صوبے یا زبان کے خلاف نہیں، بلکہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف ہے۔ ہمیں متحد ہو کر دہشتگردی کے خلاف لڑنا ہے ہماری بہادر افواج، پولیس، اور سیکیورٹی ادارے قربانیاں دے رہے ہیں، اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے سپہ سالار کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، جیسے بھارت کو جنگ میں شکست دی، ویسے ہی دہشتگردی کو بھی شکست دیں گے ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ہر کونے میں تمام قومیتوں کے لوگ مل کر کام کر رہے ہیں، چاہے وہ پنجاب ہو یا کراچی، ہم سب ایک ہیں اور ہمیں افواجِ پاکستان کا ہاتھ مزید مضبوط کرنا ہے
وفاقی وزیر نے دہشتگردی کا شکار ہونے والےشہدا کے لیے دعا مغفرت کی اور کہا کہ یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، قوم ان کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔