لاہور، 12 جولائی (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان سے چین اسٹور ایسوسی ایشن آف پاکستان کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پنجاب ریونیو اتھارٹی کے تحت کمرشل پراپرٹی کے کرایوں پر سیلز ٹیکس کی وصولی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وفد نے کمرشل پراپرٹی رینٹ پر سیلز ٹیکس کی وصولی پر نظرثانی کی درخواست پیش کی، جس پر وزیر خزانہ نے مکمل غور کا یقین دلایا۔ وزیر خزانہ نے واضح کیا کہ “گزشتہ دو سال سے پنجاب کے بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس لاگو نہیں کیا گیا، صرف پہلے سے لاگو شدہ ٹیکسز ہی وصول کیے جا رہے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ پنجاب ریونیو اتھارٹی (PRA) کے تحت ٹیکس نیٹ کو وسعت دی جا رہی ہے تاکہ مالیاتی خود انحصاری حاصل کی جا سکے، کیونکہ صوبے کے دائرہ کار میں بہت محدود ٹیکسز آتے ہیں اور انکم ٹیکس سمیت زیادہ تر ٹیکسز وفاقی حکومت کے ذریعے وصول کیے جاتے ہیں۔ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے بتایا کہ سیلز ٹیکس آن سروسز کی وصولی کے لیے “نیگیٹو لسٹ” پر کام جاری ہے، جس میں اُن تمام سروسز کی نشان دہی کی جائے گی جنہیں سیلز ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ: “ہم تاجر برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور چاہتے ہیں کہ صوبے میں کاروبار میں آسانیاں پیدا ہوں۔” انہوں نے مزید کہا کہ وفد کی سفارشات پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا اور جہاں ممکن ہوا، تاجر برادری کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔ آخر میں وزیر خزانہ نے تاجر برادری پر زور دیا کہ”آپ کے ذمے واجب الادا ٹیکسز کی بروقت ادائیگی نہ صرف قومی ذمہ داری ہے بلکہ مالیاتی نظام کی مضبوطی کی ضمانت بھی۔”











