ملتان ،14 جولائی (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خان کی زیر صدارت شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی تزئین و آرائش کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈی سی وسیم حامد سندھو ، مختلف ترقیاتی اداروں اور انتظامی محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
کمشنر عامر کریم خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں داخل ہوتے ہی شہریوں اور مہمانوں کو ایک منفرد اور دلکش احساس دینا ہمارا اولین مقصد ہے۔ اس سلسلے میں ملتان کے تمام داخلی و خارجی راستوں کی جامع منصوبہ بندی کے تحت تزئین و آرائش کی جارہی ہے۔انہوں نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر رحمان کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کے احکامات دیے جس میں ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،پی ایچ اے واسا،ایم ڈی اے پبلک ہیلتھ،ہائی ویز میونسپل کارپوریشن ضلع کونسل کے افسران شامل ہوں گے یہ کمیٹی شہر کی داخلی خارجی شاہراؤں کا دورہ کر کے اس پر ہونے والے ترقیاتی کاموں کو مانیٹر کرے گی۔
انہوں نے ایم ڈی اے کو انسداد تجاوزات آپریشن پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی اور واضح کیا کہ شہر کی اہم شاہراہوں پر تجاوزات کسی صورت برداشت نہیں کی جائیں گی۔ ناگ شاہ فلائی اوور کے اطراف تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اور دیواروں پر فن پارے بنائے جائیں گے تاکہ شہر کا خوبصورت چہرہ نمایاں ہو۔
کمشنر نے ہدایت کی کہ ڈیوائیڈر میڈینز پر کسی بھی قسم کے بورڈز لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور موجودہ تمام بورڈز فوری طور پر ہٹائے جائیں۔ اس کے ساتھ ساتھ این ایچ اے کو بھی اپنی کنٹرول سڑکوں کی تزئین و آرائش کے لیے عملی اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی گئی۔
ایم ڈی اے کو قادرپوراں تا چوک کمہاراں روڈ کی اپ گریڈیشن کا منصوبہ 42 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کرنے کی ہدایت دی گئی، جس میں ناگ شاہ تا گیلانی فلائی اوور روڈ کی تزئین و آرائش بھی شامل ہوگی۔ علاوہ ازیں،10 کلو میٹر طویل اولڈ شجاع آباد روڈ پر جدید سٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔
عامر کریم خان نے کہا کہ شہر کے داخلی راستوں پر درخت اور پھول دار پودے لگائے جائیں تاکہ قدرتی خوبصورتی اجاگر ہو۔ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو داخلی راستوں کی خصوصی صفائی کا ٹاسک دیا گیا ہے، جس میں کنٹینرز، ویسٹ ڈرمز اور سینٹری سٹاف کی تعیناتی شامل ہوگی۔
واسا کو نکاسی آب کے مسائل حل کرنے کے لیے بلاک شدہ گٹر لائنوں کی مکمل ڈی سلٹنگ کروانے کا حکم دیا گیا۔ کمشنر نے قادرپورراں تا کمہارانوالہ اور شیر شاہ انٹرچینج تا گیلانی فلائی اوور تک لین مارکنگ، زیبرا کراسنگ اورٹریفک سگنلز نصب کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
اجلاس میں موجود تمام افسران کو ہدایت دی گئی کہ تمام اقدامات بروقت اور معیاری انداز میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔











