ملتان 15 جولائی )اے پی پی ): رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کے زیر اہتمام بچوں کو دوبارہ اسکول لانے کے عنوان سے ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی اس موقع پر بطور مہمانِ خصوصی تھے۔
اس موقع ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم کا شعبہ حکومت کی کوششوں کا محور ہے کیونکہ تعلیم بنیادی حق اور غربت و محرومی کے خاتمے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم معاشی ترقی و سماجی استحکام کی بنیاد ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں تعلیم کے فروغ کا سفر بھرپور انداز سے جاری ہے۔ حکومت “زیرو آؤٹ آف اسکول چلڈرن” مہم کے تحت ہر بچے کو اسکول میں لانے کے لئے پرُعزم ہے،اس کے علاوہ “صبحِ نو اسکولز” پروگرام کے تحت مزدور بچوں کو تعلیم کی طرف لایا جا رہا ہے اور خواندگی کے ساتھ بچوں کو عزت نفس اور امید بھی دی جا رہی ہے۔
فواد ہاشم ربانی نے این آر ایس پی، آر ایس پی این اور ایف سی ڈی او کی تعلیمی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ تعلیم سے مضبوط معاشرے بنتے ہیں اس لئے اس مشن کے لئے ادارہ جاتی شراکت داری ناگزیر ہے اور اس حوالے سے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ تعلیمی اقدامات میں ہر مثبت قدم کا مکمل ساتھ دے گا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں اس عزم کا اظہار کیا کہ علم کی روشنی جنوبی پنجاب کے آخری گاؤں کے آخری بچے تک پہنچائیں گے۔
آر ایس پی این کے چیف آپریٹنگ آفیسر بشیر انجم اور پراجیکٹ منیجر حمیرا حسین کے علاوہ این آر ایس پی، آر ایس پی این، ایف سی ڈی او و دیگر اداروں کے نمائندے ورکشاپ میں موجود تھے۔











