صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 33 واں اجلاس

13

لاہور 15 جولائی ( اے پی پی ) محکمہ داخلہ پنجاب میں کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا 33 واں اجلاس منعقد ہوا ۔صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کی صدارت کی ۔اجلاس میں صوبائی وزراء ملک صہیب احمد بھرتھ اور چوہدری شافع حسین نے خصوصی طور پر شرکت کی اجلاس کے دوران صوبہ بھر کی سکیورٹی کی تازہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیاسیکرٹری داخلہ ڈاکٹر احمد جاوید قاضی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس حوالہ سے بریفنگ بھی دی اجلاس میں عشرہ محرم الحرام کے دوران محکمہ داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی کو سراہا گیا۔کابینہ کمیٹی نے اٹک اور ڈی جی خان میں رینجرز کے 1، 1 ونگ کی تعیناتی کی منظوری دے دی میانوالی میں رینجرز کی تعیناتی میں 3 ماہ کی توسیع دے دی گئی ۔اجلاس کے دوران کچے کے علاقہ میں پولیس کو وسائل کی فراہمی بارے تجاویز زیر غور آئیں کچے کے علاقے میں آپریشنز کیلئے نئی ٹریک اے پی سیز کی منظوری دے دی گئی کابینہ کمیٹی نے کچے کے علاقے میں آپریشنز کیلئے 1 ارب روپے کے فنڈز سے ضروری و جدید آلات کی خریداری کی منظوری دے دی ۔صوبائی وزیر محکمہ صحت و چیرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے، کچے کے علاقے میں آپریشنز کی کامیابی کیلئے پولیس کو تمام وسائل فراہم کر رہے ہیں، ہمارے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے اہلکار ہمارے محسن اور قومی ہیرو ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے واپس آتے ہوئے پنجاب سے تعلق رکھنے والے 9 بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے درندگی کا مظاہرہ کیا گیا، تمام شہداء کے اہل خانہ سے رابطے میں ہیں اور قانون کے مطابق بھرپور امداد فراہم کر رہے ہیں، محرم الحرام کے دوران سوشل میڈیا پر فرقہ واریت پھیلانے والوں کو قانون کے شکنجے میں لانے پر محکمہ داخلہ کا کردار لائق تحسین ہے۔محمد صہیب احمد برتھ نے اس موقع پر کہا کہ کچے کے علاقہ میں پولیس کو جدید سامان کی ٹریننگ بھی کروائی جائے گی۔ پنجاب پولیس کو جدید اسلحہ سے لیس کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی، ایڈیشنل آئی جی، سپیشل سیکرٹری داخلہ فضل الرحمان، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ اور متعلقہ اداروں سے ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب فواد ہاشم ربانی اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب محمد کامران خان کی بھی اجلاس میں شرکت ہوئی پنجاب کے سرحدی ڈویژنز اور اضلاع سے کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ، آر پی اوز اور ڈی پی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔