گوادر: وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا گوادر یونیورسٹی اور پاک چائنا انسٹیٹیوٹ کا دورہ

20

گوادر، 16 جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے آج گوادر یونیورسٹی اور پاک چائنا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل انسٹیٹیوٹ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تدریسی، انتظامی اور فنی شعبہ جات کا معائنہ کیا اور مقامی ترقی کے لیے تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہا۔

گوادر یونیورسٹی میں پرو وائس چانسلر ڈاکٹر منظور احمد بلوچ نے وفاقی وزیر کو تدریسی اور تحقیقی سرگرمیوں پر مفصل بریفنگ دی۔ وزیر نے کہا کہ گوادر میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کو قومی ترقی سے جوڑنا وقت کی ضرورت ہے، اور حکومت اس ضمن میں تعلیمی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ مقامی نوجوانوں کو جدید فنی تربیت دینا حکومت کی اولین ترجیح ہے، تاکہ انہیں بااختیار بنا کر گوادر اور ملک کی ترقی میں شامل کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ میری ٹائم شعبے کی تدریس کے لیے وزارت بحری امور رضاکارانہ خدمات فراہم کرنے کو تیار ہے۔

پاک چائنا انسٹیٹیوٹ کے دورے کے دوران وفاقی وزیر نے ادارے کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور کہا کہ ان کے حل کے لیے ترجیحی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ گوادر میں فنی تعلیم اور تربیت کے فروغ سے مقامی نوجوانوں کو نہ صرف ہنر مند بنایا جا سکتا ہے بلکہ انہیں روزگار کے مؤثر مواقع بھی فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

وزیر کے اس دورے کو گوادر میں تعلیمی ترقی اور ٹیکنیکل تربیت کے فروغ کے حوالے سے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔