ملتان، 16 جولائی (اے پی پی ):اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد سیدہ حمیرا شاہ کی زیر نگرانی مون سون شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ اس سلسلے میں شجاع آباد کے مختلف سرکاری دفاتر، تعلیمی اداروں، پارکس اور سڑکوں کے اطراف پودے لگائے گئے۔
تقریب کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے اپنے ہاتھوں سے پودا لگا کر مہم کا افتتاح کیا اور ماحول دوست سرگرمیوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
اس موقع پر بچوں میں پودے بھی تقسیم کیے گئے تاکہ کم عمری سے ہی ان میں شجر کاری اور ماحولیاتی بہتری کے شعور کو فروغ دیا جا سکے۔ اسسٹنٹ کمشنر نے بچوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے گھروں اور محلوں میں یہ پودے لگائیں اور ان کی نگہداشت کو یقینی بنائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شجر کاری نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کا ذریعہ ہے بلکہ ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ایک محفوظ اور صحت مند ماحول کا ضامن بھی ہے۔ محکمہ جنگلات، بلدیہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے مہم کامیابی سے جاری رہے گی، اور شہریوں کو بھی اس نیک کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے تاکہ شجاع آباد کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے۔











