وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد کی ملاقات

9

‎اسلام آباد،16 جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد  نے بدھ کو یہاں بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل گاؤ جیانزن کی سربراہی میں ملاقات کی، جس دوران اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس کے مابین اشتراک کار  بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ملاقات میں اسلام آباد پولیس کے افسران کو جدید پولیسنگ و  ٹیکنالوجی کی تربیت کے لئے بیجنگ بھجوانے کا فیصلہ بھی کیا گیا،‏‎ اسلام آباد پولیس کے افسران  بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ میں تربیتی کورسز کریں گے۔

ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد پولیس کے افسران بیجنگ میں پولیسنگ  نظام کی بہتری کیلئے آرٹیفشل انٹیلیجنس کی بھی ٹریننگ لیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بیجنگ میں جدید تربیت سے اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ‏‎اسلام آباد پولیس اور بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹس ایک دوسرے کے تجربات سے بھر پور فائدہ اٹھا سکتے ہیں، ‏‎بیجنگ پولیس ایک انتہائی فعال اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس فورس ہے۔

‏‎وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ امن عامہ اور ‏‎جرائم کی سرکوبی میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال  میں بیجنگ پولیس کا تعاون اسلام آباد پولیس کیلئے انتہائی مفید ثابت ہو گا جبکہ ‏‎بیجنگ پولیس کی جانب سے اسلام آباد پولیس کو اینٹی رائٹ میں بھی تربیت فراہم کرنے کا خیر مقدم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی،منظم جرائم، منشیات اور انسانی سمگلنگ سے نمٹنے کے لیے معلومات کا بروقت تبادلہ  انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے ساتھ اشتراک کار بڑھانے پر بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے وفد کا شکریہ اداکیا۔

وفد میں چین کی وزارت پبلک سکیورٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل لی یو ہانگ اور بیجنگ پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرز ہی ژن، فینگ وی اور ہو جمن  شامل تھے جبکہ ‏‎وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری،وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈی جی ایف آئی اے، کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی، چیف کمشنر اسلام آباد ، آئی جی اسلام آبادپولیس اور ڈی سی اسلام آباد بھی اس موقع پر موجود تھے۔