اسلام آباد، 17 جولائی (اے پی پی): وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی ترقی زرعی شعبے اور کسانوں کی پیداوار کی ویلیو ایڈیشن سے مشروط ہے، اور چھوٹے کسانوں کو جدید زرعی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ 12 ایکڑ سے کم زمین رکھنے والے کسانوں کیلئے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کا لائحہ عمل پیش کیا جائے۔
وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت ملکی زرعی ترقی اور ایگری فنانسنگ پر جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزراء احد خان چیمہ، رانا تنویر حسین، مشیر وزیرِ اعظم محمد علی، وزراء مملکت بلال اظہر کیانی، عبدالرحمن کانجو، معاون خصوصی ہارون اختر، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، چیف کوارڈینیٹر مشرف زیدی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
وزیرِ اعظم نے کسانوں کو جدید زرعی آلات، مصنوعی ذہانت، معیاری بیج، اور پانی کے مؤثر استعمال سے متعلق سہولیات کی فراہمی کیلئے اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے کسانوں کی اجناس کی پراسیسنگ سے برآمدات کے قابل اشیاء کی تیاری اور سمال انڈسٹری مشینری تک رسائی کیلئے بھی جامع منصوبہ بندی پر زور دیا۔
اجلاس میں زرعی شعبے میں جاری اصلاحات، زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ کی کارکردگی اور کسانوں کو دیے جانے والے قرضوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِ اعظم نے رواں ماہ کے اختتام تک ایگری فنانسنگ کے شعبے میں عصری تقاضوں سے ہم آہنگ نظام متعارف کروانے اور کسانوں کو آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کیلئے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی۔











