اسلام آباد، 18 جولائی (اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سول سروس ریفارمز پر اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملکی سول سروس کو جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی سطح پر رائج عوامی خدمت کے معیار سے ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ سول سروس حکومت کی عملی کارکردگی اور مختلف وزارتوں و شعبہ جات میں پالیسی کے مؤثر عمل درآمد میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے، اس لیے اس کی تجدید نو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ سول سروس کی جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت تجدید نو حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی ہدایت کی کہ انتظامی اور اداراجاتی ریفارمز میں نمائندہ سرکاری افسران اور عوامی نمائندگان کی رائے کو شامل کیا جائے تاکہ اصلاحات مؤثر اور قابل عمل ہوں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ پروفیسر احسن اقبال نے وزیراعظم کو سول سروس کی مجوزہ ریفارمز پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ سول سروس کے ڈھانچے میں سرکاری افسران کی بھرتی، پروموشن، ٹریننگ اور اداراجاتی صلاحیتوں میں اضافے کے موجودہ نظام میں خاطر خواہ بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، علی پرویز ملک اور دیگر متعلقہ نمائندہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔











