گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس سے متعلق اجلاس، پانچ نجی کمپنیوں کی تجاویز پیش

13

اسلام آباد، 18 جولائی 2025 (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری کی زیر صدارت گوادر سے خلیجی ممالک تک فیری سروس سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

اجلاس میں پانچ نجی کمپنیوں نے فیری سروس کے حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں۔ وزیر بحری امور نے بتایا کہ نجی شعبے کی دلچسپی میں واضح اضافہ ہو رہا ہے، جو اس منصوبے کی افادیت کا ثبوت ہے۔

اجلاس کے دوران وفاقی وزیر نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور صوبائی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ نے منصوبے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

فیری سروس کے آغاز سے خلیجی ممالک کے ساتھ علاقائی رابطے اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ اس سروس سے مسافروں اور سامان کی آمد و رفت میں سہولت پیدا ہوگی اور گوادر بندرگاہ کو بین الاقوامی بحری نقشے پر اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

اجلاس میں فیری آپریشنز کے تکنیکی و مالی پہلوؤں کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔