وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا پی ڈی ایم اے ہیڈکوارٹر کا دورہ، سیلابی صورتحال پر تین گھنٹے طویل بریفنگ

23

لاہور، 18 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جمعہ کے روز پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں پنجاب میں جاری مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔  اس موقع پر وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کے مرکزی کنٹرول روم، فلڈ فورکاسٹ ڈویژن، انٹرنیشنل ویدر پورٹل، سیمولیشن ماڈل اور ارلی وارننگ سسٹم کا بھی جائزہ لیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے دوران اب تک 1063 افراد کو ریسکیو کیا گیا، جبکہ راولپنڈی، جہلم اور چکوال میں پھنسے ہوئے متعدد افراد کو ہیلی کاپٹرز کے ذریعے بحفاظت نکالا گیا۔ مون سون کے دوران پنجاب میں 108 قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جن میں سے 80 افراد چھتیں اور دیواریں گرنے سے، 10 کرنٹ لگنے سے، 5 آسمانی بجلی گرنے سے اور 13 نہروں میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوئے۔ تاہم بریفنگ میں واضح کیا گیا کہ کسی بھی ہلاکت میں سرکاری اداروں کی کوئی غفلت یا کوتاہی شامل نہیں تھی۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ پنجاب میں رواں مون سون سیزن میں 16 اضلاع میں معمول سے 40 سے 60 فیصد زیادہ بارشوں کا امکان ہے، اور اگلا بڑا بارشوں کا اسپیل 21 جولائی سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم سے 20 اضلاع کے متاثرہ علاقوں سے براہ راست رابطہ قائم کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ راولپنڈی، چکوال، اور جہلم میں متعدد افراد کو ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج کی مدد سے بحفاظت نکالا گیا۔ راولپنڈی میں ڈی سیلٹنگ کی بدولت نشیبی علاقوں سے پانی کے نکاس کو ممکن بنایا گیا، جبکہ صوبے بھر میں 22 ہزار کلومیٹر سے زائد نالوں کی صفائی کی گئی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سپیشل ڈرون کے ذریعے برساتی پانی میں گھرے افراد تک لائف جیکٹ پہنچانے کے عمل کا مشاہدہ کیا اور پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ، ریسکیو 1122، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ریلیف کارروائیوں میں پاک آرمی کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ نے پی ڈی ایم اے کے ویئر ہاؤسز میں موجود 11 ہزار سے زائد لائف جیکٹس، ہزاروں ٹینٹس، لائف رنگز اور ریسکیو بوٹس کی فراہمی کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام یقینی بنایا جائے گا۔