وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت اجلاس، ویسٹ ری سائیکلنگ اور توانائی کے شعبے میں ممکنات پر غور، لینڈ فل سائٹس کو قومی اثاثوں میں بدلنے کی منصوبہ بندی

17

لاہور، 19 جولائی (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ستھرا پنجاب پروگرام اگلے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، جس کا مقصد لینڈ فل سائٹس جیسے ماحولیاتی چیلنجز کو ری سائیکلنگ کے ذریعے قومی اثاثوں میں تبدیل کرنا ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ویسٹ ری سائیکلنگ اور توانائی کے شعبے میں ممکنات پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد، ایڈیشنل سیکرٹری احمر کیفی اور ایل ڈبلیو ایم سی کے سی ای او بابر صاحب دین نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بابر صاحب دین نے بتایا کہ لاہور کی لکھوڈیر سائٹ سے کاربن کریڈٹ کے ذریعے سالانہ ایک ارب روپے ریونیو حاصل ہونے کی توقع ہے۔ یہ منصوبہ پیرس معاہدے کے تحت عالمی معیار کے مطابق کاربن کریڈٹ کلیم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ وزیر بلدیات نے جانوروں کی آلائشوں سے توانائی پیدا کرنے کے منصوبے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا کہ ان سے ایک ہزار ٹن توانائی حاصل کی جا سکتی ہے۔ ذیشان رفیق نے لاہور یا اسلام آباد میں روڈ شو کے انعقاد اور اس میں غیر ملکی سفارتکاروں کو مدعو کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر بھی ایسے روڈ شوز منعقد کیے جائیں گے تاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کو متوجہ کیا جا سکے۔ منصوبے کے تحت لاہور کے نواح میں ری سائیکلنگ پارک بھی قائم کیا جائے گا، جبکہ لکھوڈیر سائٹ میں 20 ٹن بائیوگیس پیدا کرنے کی گنجائش موجود ہے۔ ذیشان رفیق نے واضح کیا کہ لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی ویسٹ سے توانائی اور ری سائیکلنگ کے منصوبے متعارف کرائے جائیں گے۔ سیکرٹری بلدیات شکیل احمد میاں نے ہدایت دی کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے لیے منصوبے پر جامع پریزنٹیشن تیار کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں ویسٹ کو کارآمد بنایا جا رہا ہے اور پاکستان کو بھی اس سمت میں آگے بڑھنا ہوگا۔ بابر صاحب دین نے اجلاس کو آگاہ کیا کہ لاہور میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت روزانہ بڑی مقدار میں ویسٹ جمع ہو رہا ہے اور کئی نجی کمپنیاں ویسٹ ری سائیکلنگ کے منصوبے میں دلچسپی کا اظہار کر چکی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ محکمہ توانائی کے تعاون سے 50 میگاواٹ پاور پلانٹ کے قیام پر بھی غور جاری ہے۔