لاہور، 19 جولائی (اے پی پی): حکومت پنجاب نے لاہور کے سرکلر روڈ کے تاجروں کا دیرینہ مطالبہ منظور کرتے ہوئے کاروباری مراکز اور گوداموں کی تعمیر کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس حوالے سے وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین سے سرکلر روڈ کی 18 مارکیٹوں کے صدور نے ملاقات کی، جس میں وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد، میاں وقار احمد اور ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا بھی شریک تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بھاٹی گیٹ، دہلی گیٹ، موچی گیٹ اور شاہ عالم مارکیٹ کے تاجروں کے لیے زیرِ زمین دکانوں اور گوداموں کی تعمیر کی جائے گی۔ جبکہ سرکلر باغ کے گرد کاروباری مراکز اور پارکنگ پوائنٹس بھی بنائے جائیں گے۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے بتایا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں نواز شریف کی ہدایت پر چھ مختلف مقامات پر عالمی معیار کے مطابق کاروباری مراکز تعمیر کیے جائیں گے۔ ابتدائی مرحلے میں ٹیکسالی، موچی اور شیرانوالہ گیٹ کے قریب مارکیٹس حکومت خود تیار کروائے گی، جس میں 2200 سے زائد دکانیں اور گودام تعمیر کیے جائیں گے۔ بلال یاسین نے مزید بتایا کہ دوسرے مرحلے میں شاہ عالم، دہلی گیٹ اور بھاٹی گیٹ کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔ متبادل مارکیٹوں کی تیاری تک تاجران اپنا کاروبار جاری رکھ سکیں گے، اور مارکیٹوں کی تعمیر مصنوعات کی کیٹیگری کے مطابق لاہور کے بڑے شاپنگ مالز کے ماڈل پر کی جائے گی۔ وائس چیئرمین ایل ڈی اے میاں مرغوب احمد نے کہا کہ منصوبے کے تحت انڈر گراؤنڈ واٹر ٹینکس، پارکنگ، بجلی اور پانی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، جبکہ دکانداروں کے لیے مخصوص پارکنگ پوائنٹس بھی رکھے جائیں گے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے یقین دہانی کرائی کہ سکیورٹی کے لیے خصوصی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور کسی بھی تاجر کے کاروبار کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا۔ یہ منصوبہ لاہور کو ایک ماڈل کاروباری مرکز میں تبدیل کرنے کی جانب اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔











