ملتان19جولائی (اے پی پی ):ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ممکنہ سیلاب سے بچاوکی تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں اس سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مون سون بارشوں کے باعث دریائی صورتحال پر کڑی نظر رکھی جارہی ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور سی پی او صادق علی ڈوگر کی صدارت میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محمد ابو بکر نے سیلاب سے نمٹنے کے اقدامات پر تفصیلی بریفننگ دی ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ضلعی محکمے اور پولیس سیلاب کی صورت میں فوری ریسپانس کیلئے مکمل تیار ہے۔بارشوں کے باعث جلالپور پیر والہ کے دریائی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہوئی ہے۔وسیم حامد سندھو کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کی حفاظت کیلئے ریلیف کیمپ قائم کردیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ حفاظتی بندوں سے تجاوزات کا مکمل صفایا کرکے انسپکشن مکمل کرلی گئی ہے۔ریسکیو 1222 سمیت تمام اداروں کی مشینری اور افرادی قوت مکمل تیار ہے۔سی پی او صادق علی ڈوگر نے کہا کہ پولیس نے سیلاب کی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر ایمرجنسی پلان تشکیل دیا ہے۔پولیس جوان دریائی علاقوں میں نقل مکانی کیلئے خصوصی معاونت فراہم کررہے ہیں۔











