صوبائی وزیر فیصل ایوب کھوکھر سے گرین لینڈ اینڈ لیزر وفد کی ملاقات، زرعی شعبے میں تعاون پر تبادلہ خیال

10

لاہور، 25 جولائی (اے پی پی): صوبائی وزیر برائے لیبر پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر سے گرین لینڈ اینڈ لیزر کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں رانا فیض رسول، ایڈووکیٹ رانا یاسر اور رانا عاطف شامل تھے۔ ملاقات میں زرعی شعبے کی ترقی، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور زرعی اصلاحات کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ ملاقات کے دوران وفد نے صوبائی وزیر کو کاشتکاروں کو درپیش مسائل، زرعی زمین کی ہمواری (لینڈ لیولنگ)، واٹر مینجمنٹ اور جدید زرعی مشینری کے استعمال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ملک فیصل ایوب کھوکھر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب زراعت کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے نجی شعبے کے ساتھ اشتراک کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے گرین لینڈ اینڈ لیزر کی خدمات کو قابل تحسین قرار دیا اور کہا کہ ایسی تنظیمیں زراعت میں جدید رجحانات متعارف کروانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی اور مشینری کے ذریعے زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے اور حکومت اس ضمن میں ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ فیصل ایوب کھوکھر کا کہنا تھا کہ زرعی ترقی ملکی معیشت کے استحکام کے لیے ناگزیر ہے اور حکومت پنجاب زرعی شعبے میں تکنیکی جدت کی بھرپور حامی ہے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کسانوں کی سہولت اور ان کی پیداوار میں اضافے کے لیے مزید عملی اقدامات کیے جائیں گے۔