اسلام آباد، 28 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے ممتاز مصنف و تجزیہ نگار ڈاکٹر فرقان حمید کی کتاب “رجب طیب ایردوان، عالمِ اسلام کا ٹائیگر ” کی تقریبِ رونمائی میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔
وفاقی وزیر نے اس موقع ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی فخر اور اعزاز کی بات ہے کہ آج ہم ایک ایسی عظیم شخصیت کے اعزاز میں منعقدہ کتاب کی تقریب میں شریک ہیں، جو نہ صرف ترکی بلکہ مسلم دنیا کے ایک عظیم رہنما کے طور پر پہچانے جاتے ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے ڈاکٹر فرقان حمید کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے انصاف و ترقی پارٹی کی قیادت کرنے والے صدر ایردوان کو نہایت بصیرت سے ایک عوامی جماعت میں تبدیل ہوتے دیکھا، جو عوام سے جڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ رجب طیب ایردوان نے ایک عوامی رہنما، مؤثر منتظم، اور اچھے طرز حکمرانی کے علمبردار کے طور پر اپنی حیثیت منوائی۔
انہوں نے استنبول کی میئر شپ کو اردوان کی قیادت کا سنہرا دور قرار دیتے ہوئے کہا کہ استنبول ایک ایسی تہذیبی علامت ہے جو ایشیا اور یورپ کے سنگم پر واقع ہے اور وہاں بطور میئر ایردوان کی خدمات کو آج بھی سنہری باب کے طور پر یاد کیا جاتا ہے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان اور ترکی کے مابین تاریخی و جذباتی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ رشتہ صرف حکومتوں کا نہیں بلکہ دلوں کا ہے، جو خلافت تحریک کے زمانے سے قائم ہے، جب برصغیر کے مسلمانوں نے ترکی کے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کیا تھا۔
انہوں نے صدر ایردوان کی پاکستان دوستی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح پر تبادلے، ترقیاتی منصوبے اور تعاون میں بے پناہ اضافہ ہوا، جن میں لاہور میٹرو بس اور ویسٹ مینجمنٹ جیسے اہم منصوبے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے ترک تعاون سے شروع کردہ پراجیکٹس عوامی خدمت کی بہترین مثال ہیں۔
عطا اللہ تارڑ نے ترکی کے عالمی سطح پر مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صدر ایردوان نے ہر بحران میں نہ صرف مسلم دنیا بلکہ عالمی سطح پر متاثرہ افراد کے لیے آواز بلند کی، اور مہاجرین کے لیے ترک سرزمین کے دروازے کھولے۔
انہوں نے کہا کہ یہ کتاب رجب طیب ایردوان کی خدمات، قربانیوں، اور مسلم دنیا کے لیے ان کی جدوجہد کو خراجِ عقیدت ہے اور جیسا کہ ڈاکٹر فرقان حمید نے انہیں بجا طور پر “اسلامی دنیا کاٹائیگر”قرار دیا ہے ۔











