محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال لودھراں کی جانب سے وہیل چیئرز و معاون آلات تقسیم کرنے کی تقریب

40

لودھراں، 30 جولائی(اے پی پی):محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال لودھراں کی جانب سے ضلع کونسل ہال لودھراں میں وہیل چیئرز و معاون آلات تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی ۔ تقریب میں سیاسی و سماجی شخصیت عمیر خان بلوچ بحثیت مہمان خصوصی جبکہ ڈپٹی کمشنر لودھراں ڈاکٹر لبنیٰ نذیر بطور مہمان اعزاز شریک ہوئیں ۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے خصوصی افراد کو خودمختار بنانے کے حوالے سے دوسرے راؤنڈ کے دوران ضلع لودھراں کے 84 افراد باہمی معذوری میں ایکٹیو  ویل چیئرز، وائٹ کین سٹکس، واکر، موبائل ٹوائلٹ چیئرز اور معاون ڈیوائسسز کی تقسیم ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمیر خان بلوچ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے معذور افراد میں وہیل چیئرز اور معاون آلات کی فراہمی انہیں خود مختار بنانے کی جانب اہم قدم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ معاون آلات کی بدولت معذور افراد کو روزمرہ کے امور سر انجام دینے میں سہولت میسر آئے گی اور انہیں کسی دوسرے کی جانب مدد طلب نظروں سے نہیں دیکھنا پڑے گا ۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر لبنیٰ نذیر کا تقریب سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ چیف منسٹر پنجاب مریم نواز شریف کا وژن ہے کہ معذور افراد کی بھرپور معاونت کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ معاون آلات (وہیل چیئرز) پروگرام وزیر اعلیٰ پنجاب کا فلیگ شپ اقدام ہے، جو محکمہ سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب کے تحت جاری ہے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ سماجی بہبود آبادی امہ فرواء ہمدانی نے کہا کہ افراد باہم معذوری کو بااختیار بنانے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے 1ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم سے وہیل چیئرز،مصنوعی آلات، سماعت کے آلات و دیگر معاون آلات کی فراہمی بالکل مفت ممکن بنائی جا رہی ہے ۔

 تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر لودھراں نند لال نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد صوبہ بھر کے معذور افراد  کو بااختیار بنانا اور ان کی زندگی کو آسان بنانا ہے۔