پروٹوکول آفیسر تیمور اسلم مدت ملازمت مکمل ہونے پر ریٹائر، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب کی جانب سے خراج تحسین

13

ملتان،30 جولائی(اے پی پی) :جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے پروٹوکول آفیسر تیمور اسلم اپنی مدت ملازمت مکمل ہونے پر باوقار انداز میں ریٹائر ہو گئے ہیں۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری ساوتھ پنجاب فواد ہاشم ربانی نے اپنے دفتر سے باہر آکر تیمور اسلم کو الوداع کیا اور ان کی 36 سالہ سرکاری خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری علی عاطف بٹر، ڈپٹی سیکرٹری سٹاف عبدالصبور ٹھاکر سمیت دیگر افسران اور سٹاف ممبران بھی موجود تھے، جنہوں نے تیمور اسلم کو پھولوں کے ہار پہنائے اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

تیمور اسلم نے اعزاز کے ساتھ رخصت کرنے پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور ساتھی افسران کا شکریہ ادا کیا۔ انہیں سرکاری گاڑی میں پولیس اسکواڈ کی قیادت میں پروٹوکول کے ساتھ دفتر سے رخصت کیا گیا۔