پلانٹ فار پاکستان اور گرین پالیسی کے تحت لاہور رنگ روڑ پر تین لاکھ پودے لگانے کی مہم کا آغاز

39

لاہور، 2 اگست (اے پی پی):  پنجاب حکومت نے صحت مند اور ماحول دوست پنجاب کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لیے لاہور رنگ روڑ پر بڑی شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر تعمیرات و مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے “پلانٹ فار پاکستان” اور رنگ روڑ کی گرین پالیسی کے تحت تین لاکھ پودے لگانے کی مہم کا افتتاح کیا۔

ملک صہیب احمد بھرتھ نے بتایا کہ لاہور رنگ روڑ کی تعمیر سے اب تک صرف ایک لاکھ پچیس ہزار درخت اور پودے لگائے جا چکے ہیں، لیکن اب تین لاکھ مزید پودے لگانے سے نہ صرف رنگ روڑ بلکہ اس سے ملحقہ علاقوں کا ماحولیاتی معیار بہتر ہوگا۔

ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ پنجاب حکومت گرین انفراسٹرکچر اور ماحول دوست ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پائیدار اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اس شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ آئندہ نسلوں کو صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول میسر آ سکے۔

اس موقع پر چیئرمین رنگ روڑ اتھارٹی ڈاکٹر فیصل فرید نے صوبائی وزیر کو تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر آپریشنز شاہد محبوب، ایس پی رنگ روڑ اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔