راولپنڈی پولیس کی جانب سے یادگارِ شہداء پر شمعیں روشن کرنے کی تقریب کا انعقاد، 122 شہداء کو خراجِ عقیدت

34

راولپنڈی (اے پی پی) ؛راولپنڈی پولیس نے اپنے 122 شہداء کی یاد میں یادگارِ شہداء پر ایک پُر سوز شمع روشن تقریب کا انعقاد کیا، جس میں راولپنڈی پولیس کے تمام افسران، شہداء کے اہلِ خانہ اور بچوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا مقصد ان عظیم قربانیوں کو یاد کرنا تھا جو راولپنڈی پولیس کے جوانوں نے امن و امان کی خاطر دیں۔ شمعیں روشن کرتے ہوئے فضا غمگین مگر پرعزم تھی، جبکہ بچوں اور خاندانوں کی آنکھوں میں آنسو اور دلوں میں فخر کے جذبات نمایاں تھے۔

اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر (RPO) راولپنڈی، بابر سرفراز ایلپہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ “شہداء ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں، ان کی قربانیاں ہماری پہچان اور سرمایہ ہیں۔ راولپنڈی پولیس ان کے مشن کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔”

سٹی پولیس آفیسر (CPO) راولپنڈی، سید خالد حمدانی نے بھی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا  کہ آج کا دن ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ ہمارے ان بہادر ساتھیوں نے عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا۔ ان کے اہلِ خانہ کے دکھ میں ہم برابر کے شریک ہیں اور ان کی قربانی کو کبھی فراموش نہیں ہونے دیں گے۔

تقریب کے آخر میں شہداء کے لیے دعا کی گئی اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی کلمات ادا کیے گئے۔یہ شمعیں نہ صرف ان عظیم قربانیوں کی روشنی ہیں بلکہ ایک عہد بھی کہ ان شہداء کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔