ملتان ، یومِ آزادی کی مناسبت سے تقریری و پوسٹر مقابلہ – وائس چانسلر مہمانِ خصوصی

26

ملتان،5 اگست(اے پی پی):79ویں یومِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے کالج آف نرسنگ میں آج ایک پروقار تقریری و پوسٹر مقابلے کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب کی مہمانِ خصوصی وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی تھیں۔ ان کے ہمراہ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نشتر ہسپتال ڈاکٹر راؤ امجد علی بھی موجود تھے۔

تقریب کا اہتمام ڈین/پرنسپل کالج آف نرسنگ محترمہ قمرالنسا اور چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ  طاہرہ غفار کی زیر نگرانی کیا گیا۔ طلباء و طالبات نے جذبہ حب الوطنی سے سرشار تقاریر اور خوبصورت پوسٹرز کے ذریعے وطن عزیز سے اپنی محبت و عقیدت کا اظہار کیا۔اپنے خطاب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے کہا کہ پاکستان اس قوم کی قربانیوں کا ثمر ہے، ہمیں اس آزادی کی قدر کرتے ہوئے اپنی تعلیم، کردار اور خدمت کے ذریعے ملک کی ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا۔

تقریب کے اختتام پر نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے جبکہ قومی ترانے کے احترام کے ساتھ تقریب اختتام پذیر ہوئی۔