وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس، چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو فروغ دینے پر زور

18

‎اسلام آباد ، 5 اگست ( اے پی پی) : وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں (SMEs) کے فروغ، ادارہ جاتی اصلاحات، اور کاروباری مواقع کی توسیع کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

‎وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں ملک کی معیشت اور ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت SMEs کے فروغ کو ترجیحی بنیادوں پر دیکھ رہی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔

‎اجلاس کو سمیڈا میں جاری اصلاحات اور مختلف پالیسی اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر 3 کروڑ روپے سالانہ تک کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو “مائیکرو انٹرپرائزز” کا درجہ دے دیا گیا ہے، جنہیں اب سمیڈا کے دائرہ کار میں شامل کر لیا گیا ہے۔

‎بریفنگ کے مطابق ویمن انٹرپرینیورشپ پالیسی کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے، جسے جلد وفاقی کابینہ سے منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خواتین کاروباری افراد کے لیے ایک مخصوص ڈیجیٹل پورٹل کے اجرا کی بھی تیاری مکمل کر لی گئی ہے، جو جلد فعال کر دیا جائے گا۔

‎اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سمیڈا کے کریڈٹ اسکورنگ ماڈل، برآمدات میں اضافے کی حکمت عملی، اور ایس ایم ایز کی سب-کنٹریکٹنگ کے قانونی فریم ورک پر کام کو آؤٹ سورس کر دیا گیا ہے۔ ادارہ اس وقت وفاقی ادارہ شماریات کے تعاون سے معیشت کے 20 شعبوں پر جامع سروے بھی کروا رہا ہے تاکہ پالیسی سازی کو ڈیٹا کی بنیاد پر مؤثر بنایا جا سکے۔