لاہور، 6 اگست (اے پی پی) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے یومِ آزادی کے سلسلے میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کی پہچان یہ پیارا وطن پاکستان ہے، اور اس سرزمین پر بسنے والے تمام پاکستانی آئینِ پاکستان کے مطابق برابر کے شہری ہیں، ان کے حقوق بھی مساوی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں اٹلی میں ہونے والی ایک بین الاقوامی کانفرنس کے دوران میں نے دنیا کو بتایا کہ پنجاب میں میری وزیراعلیٰ مریم نواز شریف واضح طور پر کہتی ہیں کہ اقلیتیں میرے سر کا تاج ہیں، اور ان کے حقوق کا تحفظ ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
سردار رمیش سنگھ اروڑا نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان بھی یہی مؤقف رکھتے ہیں، اور میرے ملک کا آئین بھی یہی کہتا ہے۔ سب سے بڑھ کر میرے ملک کے عوام یہ کہتے ہیں کہ یہاں اقلیتیں نہ صرف محفوظ ہیں بلکہ انہیں مکمل عزت اور برابری دی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام اقلیتوں کا بھی اتنا ہی ملک ہے جتنا کہ اکثریتی طبقے کا، اور یہ اتحاد، ہم آہنگی اور بھائی چارے سے ترقی کرے گا۔











