وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے جاپانی سفیر کی ملاقات

17

اسلام آباد، 6 اگست (اے پی پی ): وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان سے پاکستان میں جاپان کے سفیر آکاماتسو شویچی نے بدھ کو یہاں ملاقات کی جس میں جاپانی سفیر نے ہارون اختر خان کو جاپان میں منعقدہ ورلڈ ایکسپو 2025 کے دورے کی باضابطہ دعوت دی۔

معاون خصوصی ہارون اختر خان جاپان کے اس دورے کے دوران پاکستانی پویلین اور ملک کے ثقافتی ورثے کی نمائندگی کریں گے۔ ان کے مجوزہ شیڈول میں جاپانی وزیر خارجہ اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں بھی شامل ہیں۔

ہارون اختر خان نے ملاقات کے دوران کہا کہ جاپان کا دورہ پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں پہلے بھی جاپان جا چکا ہوں اور جاپانی عوام کے نظم، محنت اور جدید ٹیکنالوجی سے گہرے طور پر متاثر ہوا ہوں۔

معاون خصوصی نے جاپانی مصنوعات کو عالمی معیار کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کوالٹی نے دنیا بھر میں اعتماد حاصل کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت نئی انڈسٹریل پالیسی اور نیو انرجی وہیکل پالیسی متعارف کرا رہی ہے، جو سرمایہ کاروں کو اعتماد اور کاروباری سہولیات فراہم کرے گی۔

ہارون اختر خان نے جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین وقت ہے۔

ہارون اختر خان 12 اگست کو جاپان کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جاپان کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعلقات کو نئی جہت دے گا۔