وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان کی زیر صدارت سرمایہ کاری کے تحفظ سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس

15

اسلام آباد۔7اگست  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیر صدارت سرمایہ کاری کے تحفظ اور سرمایہ کی وطن واپسی سے متعلق ذیلی کمیٹیوں کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسن افضل، مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان اور دیگر اہم سٹیک ہولڈرز نے شرکت کی۔اجلاس میں ذیلی کمیٹیوں کی جانب سے چند اہم تجاویز پیش کی گئیں جن میں انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 میں ترامیم ،معاشی اصلاحات کے تحفظ کے ایکٹ 1992 میں اصلاحات اور جنرل کلاز ایکٹ 1897 میں ترامیم شامل ہیں۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک محفوظ اور پرکشش ماحول فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ہمیں سرمایہ کاروں کو قانونی اور ادارہ جاتی تحفظ فراہم کرنا ہوگا تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی لیں، پائیدار معاشی استحکام کے لیے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا ناگزیر ہے۔یہ اقدامات حکومت کی جانب سے معیشت کو فروغ دینے اور قانون سازی و پالیسی اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کے عزم کا مظہر ہیں۔