ماہ ربیع الاول میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد شایان شان طریقے سے کیا جائے گا ، سردار محمد یوسف

18

اسلام آباد۔7اگست  (اے پی پی):ماہ ربیع الاول میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد شایان شان طریقے سے کیا جائے گا ۔ یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی کانفرنس کے انعقاد کی تیاریوں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت اس سال 50 ویں بین الاقوامی سیرت النبی ﷺ کانفرنس کے انعقاد کی سعادت حاصل کر رہی ہے۔ نئی نسل کو اسلامی تعلیمات اور سیرت نبوی ﷺ سے آگاہی کے لیے یہ کانفرنس نہایت اہمیت کی حامل ہو گی۔ او آئی سی نے رواں ہجری سال کو آپ ﷺ کے 1500 ویں سال  ولادت کی مناسبت سے بعنوان ‘‘ نبی الرحمہ ’’ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسی مناسبت سے وزارت مذہبی امور نے ملک بھر میں صوبائی اور نجی سطح پر ‘‘ عشرہ رحمت للعالمین ’’  کے تحت تقریبات اور محافل سیرت و نعت منعقد کرنے کا پروگرام جاری کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے بتایا کہ امسال سیرت کانفرنس کا موضوع ’’سوشل میڈیا کے مثبت استعمال کی تعلیم و تربیت میں ریاستی ذمہ داریاں ، سیرت النبی ﷺ کی روشنی میں ‘‘ رکھا گیا ہے۔ مقالات سیرت کے مقابلہ جات کا اعلان کئی ماہ پہلے کیا گیا تھا۔ اس موضوع پر مقالات جات تحریر کرنے والوں اور کتب سیرت و نعت کے مصنفین کو انعامات سے نوازا جائے گا۔ موضوع پر بہترین اور منتخب مقالہ جات کو کتابی شکل دے کر پالیسی سازوں اور نئی نسل کی آگاہی کے لیے محفوظ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت مذہبی امور سیرت نگاروں کی بہترین انداز میں حوصلہ افزائی جاری رکھے گی ۔ واضح رہے کہ آمدہ ماہ ربیع الاول میں 50 ویں بین الاقوامی سیرت کانفرنس کے موقع پر اہم ملکی و غیر ملکی مذہبی شخصیات اور سکالرز شرکت کریں گے۔ وزارت مذہبی امور اسلام آباد میں منعقد ہ جائزہ اجلاس میں وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر سید عطاء الرحمن ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر ساجدمحمود چوہان و دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔