وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پولش سفیر میکئیے پیسارسکی کی ملاقات

48

اسلام آباد، 08 اگست ( اےپی پی): وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک سے پولش سفیر میکئیے پیسارسکی  نے ملاقات کی۔ ملاقات میں تیل اور گیس کی تلاش اور معدنیات میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاکہ پاکستان کے انرجی سیکٹر میں پولش فرم پی جی آئی این جی کی کامیابی  غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے مثال ہے، علی پرویز ملک نے پاکستان کے تیل، گیس اور معدنیات کے ذخائر میں بین الاقوامی دلچسپی کو اجاگر کیا  اور کہاکہ غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کے لیے حکومت نے ریفارمز کی ہیں،  پاکستان کان کنی، خاص طور پر تانبے اور کوئلے کے شعبے میں پولینڈ کی مہارت سے فائدہ اٹھا سکتا ہے۔

 ملاقات میں پولش سفیر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان ایکسپلوریشن، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور سرمایہ کاری کے مواقع کو مضبوط بنانے پر کام کر رہے ہیں۔