اسلام آباد، 08 اگست (اے پی پی ):قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر سردار ایاز صادق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔
قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن، پی ٹی وی اور ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان سمیت سرکاری ذرائع ابلاغ نے غلط معلومات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے حکمت عملی وضع کی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ادارےپاکستان کے دشمنوں کے حمایت یافتہ پاکستان مخالف بیانیے کا کامیابی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے ملک کا پہلا ڈیجیٹل کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ قائم کیا ہے جو اپنے ٹویٹر ہینڈل فیکٹ چیکر کے ذریعے غلط معلومات اور افواہوں کا مقابلہ کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ تیز رفتار ڈیجیٹل کمیونیکیشن کے دور میں درست معلومات کو سمجھنے کے لیے نوجوانوں اور طلباء پر خصوصی زور دیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مل کر عوام کو معلومات کے معتبر ذرائع کی شناخت اور ان پر انحصار کرنے کے بارے میں آگاہی دینے کے لیے متعدد حکمت عملیوں پر عمل پیرا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ معاشرے کے مختلف طبقات میں ڈیجیٹل اور میڈیا خواندگی کو فروغ دینے پر مرکزی توجہ ہے۔ اہم اقدامات میں آگاہی مہم، تربیتی پروگرام اور عوامی مشغولیت کی کوششیں شامل ہیں جن کا مقصد تنقیدی سوچ کی مہارت کو بڑھانا اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے ذمہ دارانہ استعمال کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔
دریں اثناء پارلیمانی سیکرٹری برائے دفاع زیب جعفر نے کیریج بائی ایئر ترمیمی بل 2025 ایوان کے سامنے پیش کیا۔
قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی شام 5 بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا گیا ہے۔











