لاہور، 9 اگست (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر ہاؤس لاہور میں پاکستان کوئلہ ایسوسی ایشن کے صدر محمد ثقلین عباس کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے تھر میں کوئلہ سے توانائی حاصل کرکے ملکی معیشت میں انقلاب برپا کیا، اور ملک کو توانائی بحران سے نکالنے کا واحد حل تھرپارکر کا کوئلہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے تھرکول پر کام کا آغاز کیا تھا، مگر حکومت ختم ہونے کے بعد یہ منصوبہ رک گیا۔ 2008ء میں صدر آصف علی زرداری نے شہید بی بی کے وژن کے تحت اس منصوبے کو دوبارہ شروع کروایا۔ گورنر پنجاب کے مطابق سندھ حکومت کے تھر کول بلاک 2 منصوبے سے اب تک 17 ہزار سے زائد مقامی افراد کو روزگار ملا ہے۔ گورنر سلیم حیدر خان نے پاکستان کوئلہ ایسوسی ایشن کے ملک بھر کی صنعتوں کو کوئلے کی بلا تعطل فراہمی کے کردار کو سراہا اور کہا کہ “ریت سے توانائی – چولستان، نیا تھر” کے تصور کے مطابق اگر ان ذخائر کو بروئے کار لایا جائے تو اربوں روپے کی سرمایہ کاری ممکن ہے۔ ان کے مطابق چولستان کی ترقی نہ صرف توانائی بلکہ معاشی و سماجی خوشحالی کا ذریعہ بن سکتی ہے اور یہ خطہ ایک صنعتی مرکز کے طور پر ابھر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحرا کی سیاحت کو جدید صنعتی ترقی کے ساتھ جوڑ کر نئی راہیں کھولی جا سکتی ہیں۔ وفد نے شکایت کی کہ کوئلہ لے جانے والی گاڑیوں کو پنجاب میں غیر ضروری چیکنگ اور ہراسانی کا سامنا ہے جس سے سپلائی متاثر ہوتی ہے، اس مسئلے کا مستقل حل نکالا جائے۔ گورنر پنجاب نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان کوئلہ ایسوسی ایشن کے مسائل کے فوری حل کے لیے گورنر ہاؤس اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔











