یومِ آزادی کی تیاریاں عروج پر، ہر طرف سبز پرچموں کی بہار، اس سال “معرکۂ حق” کے عنوان سے جشن، آپریشن “بنیانِ مرصوص” میں فتح کا جوش

40

لاہور، 9 اگست (اے پی پی): یومِ آزادی کی تیاریاں ملک بھر میں جوش و خروش کے ساتھ جاری ہیں۔ بازاروں میں سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں، بیجز اور دیگر قومی اشیاء کی بہار ہے۔ بچے اور بڑے سبھی آزادی کے جشن کو یادگار بنانے کے لیے پرجوش ہیں۔ اس سال یومِ آزادی “معرکۂ حق” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد قومی یکجہتی، حب الوطنی، اور تجدیدِ عہد کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔ معرکہ حق دشمن کے خلاف آپریشن “بنیانِ مرصوص” میں پاک فوج کی شاندار فتح کی یاد کو تازہ کرتا ہے۔ عوام کا کہنا ہے کہ یہ فتح ملک کے لیے ایک تاریخی سنگ میل ہے اور اس سال کا جشن آزادی اس لیے بھی خاص ہے کہ ہمیں دشمن پر برتری حاصل ہوئی۔ ایک شہری کا کہنا تھا کہ “ہم یہاں بچوں کے لیے جھنڈے اور جھنڈیاں خریدنے آئے ہیں۔ یہ دن ہم سب کے لیے فخر کا دن ہے، ہمیں اسے بھرپور طریقے سے منانا چاہیے۔” ایک اور خریدار نے کہا کہ “مئی میں پاک فوج نے ہمیں بڑی کامیابی دی، اور اس سال کا جشن آزادی ہمارے لیے فتح کا جشن ہے۔” شہروں اور دیہات میں قومی پرچموں کی سجاوٹ جاری ہے، عمارتیں، گلیاں اور بازار سبز و سفید رنگ میں رنگے جا رہے ہیں۔ عوام اور افواجِ پاکستان ایک بار پھر اس عزم کا اظہار کر رہے ہیں کہ ملک کی آزادی اور سلامتی کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔