اسلام آباد، 11 اگست (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان کی زیرِ صدارت امریکی ریسیپروکل ٹیرف کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت نے برآمد کنندگان کے لیے شاندار کامیابی کا اعلان کیا۔
کامیاب مذاکرات کے نتیجے میں امریکہ کے لیے پاکستان کی برآمدات پر عائد ریسیپروکل ٹیرف 29 فیصد سے کم کر کے 19 فیصد کر دیا گیا جو خطے میں سب سے کم ہے۔ اس پیش رفت سے امریکہ کو برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
اجلاس میں وزیرِاعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، وزیرِاعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت رانا احسان افضل، سیکرٹری تجارت جواد پال، کمرشل ڈویژن و صنعت و پیداوار ڈویژن کے اعلیٰ افسران اور 30 سے زائد نمایاں برآمد کنندگان و ایس ایم ایز شریک ہوئے یہ برآمد کنندگان ملبوسات و ٹیکسٹائل، چاول، نمک، سرجیکل آلات، کھیلوں کا سامان، الیکٹرانکس، خوراک و زراعت، چمڑے اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھتے تھے۔
شرکاء نے اس کامیابی کو حالیہ برسوں میں پاکستان کی سب سے بڑی اسٹریٹجک تجارتی جیت قرار دیا۔
جام کمال خان نے کہا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت پر برآمد کنندگان سے حاصل کردہ فیڈ بیک کے مطابق اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے واضح حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ انہوں نے وزیرِ خزانہ، سیکرٹری تجارت اور نجی شعبے کی کاوشوں کو سراہا جن کی مدد سے یہ اہم سنگ میل حاصل کیا گیا۔











