آئی ٹی کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، شزہ فاطمہ خواجہ

11

اسلام آباد،12اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ آئی ٹی کے مختلف شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے اثرات کے تناظر میں سائبر سیکیورٹی اور سیفٹی ناگزیر ہے، نوجوانوں اور میڈیا کو سائبر سکیورٹی کے حوالے سے آگاہی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیکسٹ جنریشن سائبر ریزیلیئنس ورکشاپ اور ٹیلی کام سائبر سیکیورٹی ایوارڈز 2025ء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تیزی سے بدلتے ہوئے ماحول میں سائبر سیکیورٹی انتہائی اہمیت کی حامل ہے، حکومت نے ملک کی ڈیجیٹائزیشن پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، اس حوالے سے ڈیجیٹل نیشن پاکستان ایکٹ منظور کیا گیا ہے، ڈیجیٹل پاکستان وزیراعظم محمد شہباز شریف کا وژن ہے، اس کے تحت معیشت، معاشرہ اور نظم و نسق میں ڈیجیٹائزیشن کرنی ہے، اس کا اہم حصہ سائبر سکیورٹی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ کزشتہ دو سال میں سائبر سکیورٹی میں بہتری آئی ہے، 2024ء میں آئی ٹی یو کے سائبر سیکیورٹی انڈیکس میں پاکستان کو رول ماڈل قرار دیا گیا ہے اور ہم اس تناظر میں عالمی سطح پر تسلیم شدہ ممالک میں شامل ہوئے، پاکستان کا سکور 96.7 فیصد رہا، یہ اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی تیز ترین اور مسلسل فراہمی کیلئے کوشاں ہیں، انٹرنیٹ کنکٹیویٹی کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان میں دو سب میرین کیبلز آ چکی ہیں، مزید سب میرین کیبلز لائیں گے، چین سمیت دیگر ممالک کے سرمایہ کار اس میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نیشنل فائبرائزیشن پالیسی پر عمل پیرا ہے، آئی ٹی کمپنیوں کے رائٹ آف وے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم نے واضح ہدایات دیں ہیں، قانون سازی، پالیسی سازی میں تبدیلی سمیت دیگر اقدامات کو ہم آہنگ بنایا جا رہا ہے، ہماری رائٹ آف پالیسی کاروبار دوست پالیسی ہے، یہ فائبرائزیشن انڈسٹری کیلئے خوش آئند ہے، سی ڈی اے نے رائٹ آف وے چارجز ختم کر دیئے ہیں، این ایچ اے اور ریلویز کے ساتھ بات چیت جاری ہے، اس حوالے سے پاکستان ٹیلی کام ایکٹ میں ترمیم کی جائے گی، رائٹ آف وے کے مسائل آن لائن پورٹل سے حل کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ سپیکٹرم آکشن جلد ہو گا جس سے ملک میں فور جی کے استعمال میں تیزی آئے گی اور فائیو جی کی نیلامی یقینی بنانے میں مدد ملی گی، اس سے معیار اور خدمات میں بہتری آئے گی۔ شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ سیٹلائٹ کے ذریعے انٹرنیٹ کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، اس حوالے سے پاکستان میں سرمایہ کاری کی خواہشمند کمپنیوں کو لائسنس سمیت دیگر امور میں آسانی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔